بنگلورو:17/جولائی(ایس او نیوز)ریاستی و زیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ اگر خوش رہے تو ریاست بھی خوش رہے گی۔اسی لئے سب کو یہ کوشش کرنی چاہئے کہ وزیر اعلیٰ کو خوش رکھیں اور ریاست کا انتظامیہ چلانے میں ان کا ساتھ دیں۔ وزیر اعلیٰ کمارسوامی کی طرف سے آنسوبہائے جانے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ کمار سوامی ایک جذباتی آدمی ہیں ، اس سے پہلے بھی کئی مرحلوں میں وہ برسر عام اپنے دکھ کا اظہار آنسو کے ذریعے کرچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے مرحلے میں بھی کمار سوامی نے کچھ معذوروں کو دیکھ کر رو دیا تھا۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی فطرت جذباتی ہے اس کے لئے کچھ بھی نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے رونے کے لئے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں اسمبلی کے سابق اسپیکر کے بی کولیواڈ کے بیان پر اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ پہلے وہ حقائق کو جاننے کی کوشش کریں اور بعد میں بیان بازی کریں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے کانگریس کے سبھی قائدوں کو اجتناب کرنا چاہئے۔ بی جے پی لیڈروں کے بیانوں پر ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ بی جے پی نہیں جانتی کہ ذمہ داری کیا ہے اسی لئے ان کے بیانوں پر وہ تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ کانگریس جنتادل (ایس) اتحاد کے سبب اقتدار چھن جانے کا دکھ اب بھی بی جے پی کو گھن کی طرح کھائے جارہا ہے اسی لئے بہت سارے بی جے پی قائدین کا ذہنی توازن بگڑ چکا ہے۔ایسے لوگوں کے بیانوں پر توجہ دینے ضروری نہیں۔ ریاستی کابینہ میں توسیع کے بارے میں ایک سوال پر ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ پارٹی اعلیٰ کمان کی طرف سے جلد ہی فیصلہ لیا جائے گا۔